قرآن کریم یاد کر کے بھلا دینا
فتنوں سے بھرے ہوئے اس دور میں جہاں دیگر معاصی و منکرات عروج پر ہیں یوں ہی قرآن کریم یاد کر کے بھلانے کا گناہ بھی عام ہے ، احادیث مبارکہ میں اس کی مذمت بھی وارد ہوئی ہے، اس عاجز و حقیر نے متعدد جگہ یہ مسئلہ بھی بیان کیا اور وعید کی ایک آدھ روایت بھی سنائی، تاہم بعد میں مرقات وغیرہ شروح حدیث میں قرآن بھولنے کا جدا مفہوم سامنے آیا ، اس مفہوم کے دیکھنے کے بعد وعید سنانے سے رک گیا؛ تاہم اس مفہوم کے حوالے سے دل میں طویل عرصہ تک کھٹکا رہا، اس کے لیے فکر و مطالعہ کا عمل جاری رہا، ان چند صفحات میں اس پر کچھ ضابطے کی گفتگو کرنی مقصود ہے۔
