ردالمحتار علی الدرالمختار
اس کتاب کاہمارے ہاں مشہور نام فتاوی شامی یا شامیہ ہے، عرب دنیا میں یہ حاشیہ ابن عابدین کے نام سے معروف ہے۔ یہ علامہ محمدامین ابن عابدین شامیؒ کی بی مثال شرح اور فقہ حنفی کے فتاوی میں اعلی مقام پر فائز ہے۔ کسی بھی حنفی عالم، مفتی اور متخصص کا مکتبہ اس کے بغیر نامکمل ہے۔ اخلاص، تحقیق و تثبت اور کمال فی الفن یہ وہ بنیادی عناصر ہیں جن سے کسی کام کو دوام و بقا ملتی ہے۔ علامہ شامیؒ نے بھی اس کتاب میں تحقیق و تفتیش اور اصل مراجع تک رسائی میں انتہائی امانت و دیانت سے کام لیا ہے۔۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء۔
متخصص فی الافتاء اس کا مطالعہ کس طرح کرے؟
اس سوال کے جواب کے لیے مندرجہ ذیل طریقوں میں سے کوئی ایک طریقہ اختیار کیا جائے تو ان شاءاللہ معتدبہ حد تک اس عظیم ذخیرہ سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے۔
تنبیہ: دوام اور جہد مسلسل کے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں کیاجاسکتا، لہذا مناسب وقت نکال کر روزانہ کی بنیاد پر لگن اور شوق وذوق سے محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔
طریقہ:۱ اپنی کاپی اورقلم لے کر مطالعہ کیا جاۓ، ہرصفحہ پر جتنے مفتی بہ اقوال ہیں سب کو پہلے سمجھاجاۓ پھر قلمبند کیاجاۓ۔ علامہ شامیؒ ہر بحث میں کچھ اصول وضوابط بیان کرتے ہیں، انہیں اصول و ضوابط کے عنوان سے تحریر میں لائے جائیں۔
طریقہ:۲ ہرصفحہ پر از خود سوالات بناکر انکے جوابات لکھیں، مطلوبہ عبارت بطور حوالہ درج کریں اور جواب کی تائید اکابر کے اردو فتاوی سے حاصل کریں۔
طریقہ:۳ شامی کے ساتھ ہندیہ، بدائع الصنائع، البحرالرائق اور ہدایہ بتحقیق مفتی ابولبابہ شاہ منصور صاحب طبع مکتبہ بشری کراچی کا مقارن مطالعہ کیا جائے۔
یہ طریقہ نسبتاً مشکل ہے لیکن نافعیت میں پہلے دو طریقوں سے بڑھ کر ہے۔
تنبیہ:تینوں اقسام کے ساتھ منحة الخالق علی البحر اور فتاوی تنقيح الحامدیہ میں مطلوبہ بحث کا مطالعہ ازحد لازمی ہے کیونکہ یہ علامہ شامیؒ کے آخری دور کے تصنیفات ہیں۔ واللّٰہ اعلم بالصواب