اعلان داخلہ برائے تعلیمی سال ۱۴۴۵-۴۶
تعلیمی سال ۴۶ – ۱۴۴۵ ھ کے لئے مرحلہ متوسطہ ، شعبہ درس نظامی اور درجہ تخصصات میں جدید طلبہ کے داخلے سال گذشتہ کی طرح آن لائن کئے جائیں گے۔
مرحلہ متوسطہ ، درس نظامی اور درجات تخصصات میں داخلہ
آن لائن داخلہ فارم پر کرنے اور ارسال کرنے کی تاریخ:
مرحلہ متوسطہ ، درس نظامی اور درجات تخصصات میں جدید داخلے کے امیدوار بروز منگل ۱۵ رمضان المبارک ۱۴۴۵ھ مطابق ۲۶ مارچ ۲۰۲۴ ء سے ۷ شوال ۱۴۴۵ ھ مطابق ۱۶ اپریل ۲۰۲۴ء تک آن لائن داخلہ کے لئے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
آن لائن داخلہ فارم پُر کرنے کا لنک talimaatjduk.com ہے۔
جدید طلبہ آن لائن داخلہ فارم پر کرنے کے بعد اسی ویب سائٹ talimaatjduk.com پر اپنے داخلہ فارم کا اسٹیٹس چیک کرتے رہیں، اور اس میں درج ہدایات کے مطابق عمل کریں۔
- اس مرتبہ والدین اور سر پرستوں کی سہولت کے پیش نظر شعبہ دارالقرآن کے جدید طلبہ کی داخلہ کارروائی ۷ تا ۲۲ شعبان ۱۴۴۵ ھ کے دورانیہ میں مکمل کی جاچکی ہے۔ اب مزید داخلہ کی گنجائش نہیں ہے۔
- آن لائن داخلہ کے لئے درخواست پیش کرنے اور داخلے کی مزید معلومات کے لئے جامعہ دارالعلوم کراچی کی
ویب سائٹ کو ملاحظہ فرمائیں۔
شرائط :
- ہر جدید امیدوار کا پہلے تحریری امتحان لیا جائے گا، اس میں کامیاب ہونے والے طلبہ کا تقریری جائزہ ہوگا ۔ دونوں جائزوں میں کامیابی داخلے کیلئے ضروری ہوگی ۔ مرحلہ متوسطہ اور درس نظامی کے درجات کے تحریری امتحانات غالباً ۱۱ شوال مطابق ۲۰ ا پریل ۲۰۲۴ ء کو ہوں گے۔
- ان جدید طلبہ کو تحریری امتحان داخلہ میں شرکت کا اہل سمجھا جائے گا جن کے سابقہ اکثر وفاقی سالوں کے نتائج ممتاز یا کم از کم ۷۰ فیصد ہوں ۔
- داخلہ کے تمام خواہشمند طلبہ اپنی سابقہ اصل تعلیمی اسناد اور کشف الدرجات ساتھ لائیں۔
- دورہ حدیث شریف میں داخلہ کیلئے دیگر شرائط کے ساتھ ساتھ یہ بھی شرط ہے کہ طالب علم وفاق المدارس کا دورۂ حدیث شریف کا سالانہ امتحان دینے کا اہل ہو یعنی سابقہ وفاقی درجات کا امتحان دے کر کامیاب ہو چکا ہو۔
- اسباق ان شاء اللہ تعالی بروز ہفتہ ۱۸ شوال ۱۴۴۵ (۲۷ / اپریل ۲۰۲۴ء) سے شروع ہونا متوقع ہیں۔
- ۱۴ سال سے کم عمر رکھنے والے جدید طالب علم کو اقامتی داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
- جامعہ کے طلبہ کے لئے تصویری موبائل فون کا استعمال بالکلیہ ممنوع ہے ، نہ درسگاہ میں اس کی اجازت ہے اور نہ ہی دارالاقامہ میں، البتہ سادہ موبائل بغیر میموری کارڈ کے غیر تعلیمی اوقات میں بوقت ضرورت استعمال کرنے کی اجازت ہے، لیکن درسگاہوں میں سادہ موبائل لانا بھی ممنوع ہے ۔ اسی طرح دیگر ایسی چیزیں جو طلبہ کے علمی مشاغل میں مخل ہوتی ہیں مثلاً ریڈیو، ٹیپ ریکارڈر ، وغیرہ ان پر بھی دارالطلبہ کی حدود میں پابندی عائد ہے۔ اس لئے آنے والے طلبہ یہ چیزیں ساتھ نہ لائیں ۔
- دوران تعلیم عصری مضامین کے امتحان کے لیے خصوصی اجازت ضروری ہے ۔ جس کی تفصیل آن لائن داخلہ فارم پر کرتے وقت ہدایات کی شکل میں موجود ہے۔
- کسی بھی طالب علم کو داخلہ نہ دینے کی وجوہ کا اظہار دارالعلوم کے ذمہ نہیں۔
٭ درجہ اولیٰ تا درجہ سادسہ میں جدید داخلہ کے لئے میٹرک کی شرط لازمی ہے۔ البتہ درجہ خامسہ و سادسہ میں داخلے کے خواہشمند ایسے طلبہ جنہوں نے سابقہ وفاقی امتحان میں اسی فیصد سے زائد نمبرات میں کامیابی حاصل کی ہو تو فوری داخلہ کیلئے میٹرک کی شرط میں تسامح کیا جاسکتا ہے البتہ اسکی دورہ حدیث کی سند میٹرک پاس ہونے پر موقوف رہے گی۔
٭ نیز واضح رہے کہ طلبہ جامعہ دار العلوم کراچی کو عصری مضامین کے امتحان دینے کی قبل از وقت اجازت حاصل کرنا ضروری ہے البتہ دورہ حدیث اور موقوف علیہ کے شرکاء کو ایسے کسی امتحان کی اجازت نہیں ہے۔
العالمیۃ الاولی (درجہ سابعہ) و العالمیۃ السنۃ الثانیۃ (درجہ دورۂ حدیث) امیدواران داخلہ کو حسب ذیل شرائط کی روشنی میں داخلہ فارم جاری کیا جائے گا۔
۱- سابقہ درجہ میں حاصل کردہ نمبر اسی(۸۰ ) فیصد سے کم نہ ہوں۔
۲- امیدوار داخلہ مصدقہ کشف الدرجات کا حامل ہو۔
۳- قومی شناختی کارڈ یا فارم ب کا بھی حامل ہو۔
۴- تحریری امتحان کے بعد باقاعدہ تقریری جائزے میں بھی کامیاب ہو۔
۵- بیرون ملک سے آنے کی صورت میں طالب علم نے باقاعدہ تعلیمی ویزہ حاصل کیا ہو۔
مدرسۃ البنات ميں داخلہ
مدرسة البنات درس نظامی و در اسات دینیہ جامعہ دار العلوم کراچی میں نئے تعلیمی سال 46-1445ھ کیلئے جدید طالبات کے داخلے کی رجسٹریشن آن لائن کی جائے گی۔
آن لائن رجسٹریشن فارم پُر کرنے اور ارسال کرنے کی تاریخ:
درجه خاصه سال اول درس نظامی چھ سالہ کورس) اور درجہ دراسات دینیہ سال اول ( دو سالہ کورس) میں جدید داخلے کی خواهشمند طالبات بروز منگل 15 رمضان المبارک 1445ھ مطابق 26 مارچ 2024ء سے بروز منگل 17 شوال المکرم 1445ھ مطابق 16 اپریل 2024ء تک آن لائن داخلہ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کرواسکتی ہیں۔
آن لائن داخلہ فارم پُر کرنے کا لنک www.talimaatjduk.com ہے۔
جدید طالبات آن لائن رجسٹریشن فارم پُر کرنے کے بعد اس لنک پر اپنے رجسٹریشن فارم کا اسٹیٹس چیک کرتی رہیں اور اس میں درج ہدایات کے مطابق عمل کریں۔
جو طالبات آن لائن رجسٹریشن فارم پر نہ کر سکیں وہ طالبات 16 / اپریل 2024ء تا 20 / اپریل 2024ء مدرسة البنات زنامہ دفتر سے آن لائن رجسٹریشن فارم پر کر سکتی ہیں۔
ہر جدید طالبہ سے میٹرک اردو ، ریاضی اور انگریزی کا تحریری امتحان لیا جائے گا ،ماڈل پیپر سے رہنمائی لی جاسکتی ہے ۔
تحریری ٹیسٹ میں کامیاب طالبات کا ناظرہ قرآن کریم وغیرہ کا تقریری جائزہ ہوگا اور طالبہ و سر پرست والدہ سے معلمات انٹر ویو لیں گی۔
داخلہ ٹیسٹ کی تاریخ بروز بدھ 15 شوال 1445ھ مطابق 24 / اپریل 2024 ء ہے۔
داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کیلئے آن لائن فارم فل کرنے کا رجسٹریشن سلپ لانا لازمی ہے، داخلہ ٹیسٹ کا وقت 8:00 بجے سے 12:00 بجے تک ہے۔ تحریری و تقریری امتحان میں کامیاب جدید طالبات داخلہ کارروائی کیلئے اپنا شناختی کارڈ یا (ب فارم)، میٹرک کی مارک شیٹ اور سر پرست کے شناختی کارڈ کی کاپی ہمراہ لائیں۔
پچھلے سال کی طرح امسال بھی خاصہ سال اول القسم العربی میں داخلے کیئے جائیں گے۔
قدیم طالبات کے داخلہ کار روائی بروز پیر 13 / شوال 1445ھ مطابق 22 اپریل 2024ء سے ہو گی۔
التخصص في الافتاء كا داخلہ
جامعہ دار العلوم کراچی میں درجہ تخصص فی الافتاء میں داخلے کے خواہش مند طلبہ کو اطلاع دی جاتی ہے کہ اس سال ان شاء الله بروز جمعرات غالباً ۱۶ شوال ۱۴۴۵ھ 25 اپریل 2024ء کو داخلے کی درخواستیں وصول کی جائیں گی اور امیدواروں کا تحریری اور تقریری امتحان بھی ہوگا۔
ان دونوں امتحانات کے نتیجہ میں جو طلبہ کامیاب ہوں گے ان میں سے پندرہ طلبہ درجہ کامیابی کی ترتیب سے داخلے کیلئے منتخب کئے جائیں گے۔
امیدوار حضرات مندرجہ ذیل امور ذہن نشین فرمالیں :۔
- صرف وہ طلبہ رجوع کریں جو وفاق المدارس یا کسی مستند دینی درسگاہ سے دورۂ حدیث کے امتحان میں ممتاز درجے میں کامیاب ہوئے ہوں ۔ اس سے کم درجے میں کامیاب ہونے والے طلبہ رجوع نہ فرمائیں۔
- تخصص میں داخلے کیلئے بدھ ۱۵ / شوال ۱۴۴۵ ھ سے پہلے تشریف نہ لائیں ۔ اس سے قبل دار العلوم ان کے قیام و طعام کا ذمہ دار نہ ہوگا۔
- اردو اور عربی رسم الخط میں صاف ستھری تحریر بھی داخلے کے لئے ضروری ہے، جن طلبہ کا خط خراب ہو وہ داخلے کیلئے رجوع نہ فرمائیں۔
- جامعہ کے طلبہ کے لئے تصویری موبائل فون کا استعمال بالکلیہ ممنوع ہے ، نہ درسگاہ میں اس کی اجازت ہے اور نہ ہی دار الاقامہ میں، البتہ سادہ موبائل بغیر میموری کارڈ کے غیر تعلیمی اوقات میں بوقت ضرورت استعمال کرنے کی اجازت ہے لیکن درسگاہوں میں سادہ موبائل لانا بھی ممنوع ہے ۔ اسی طرح دیگر ایسی چیزیں جو طلبہ کے علمی مشاغل میں مخل ہوتی ہیں مثلاً ریڈیو، ٹیپ ریکارڈر، وغیرہ ان پر بھی دارالطلبہ کی حدود میں پابندی عائد ہے۔ اس لئے آنے والے طلبہ یہ چیزیں ساتھ نہ لائیں۔
- دوران تعلیم کسی انجمن یا جماعت سے کسی بھی قسم کا تعلق ممنوع ہوگا، نیز تخصص کے علاوہ کسی اور امتحان کی تیاری کی اجازت نہیں ہوگی۔ مخصوص حالات میں صدر جامعہ دارالعلوم کراچی مد ظلہم سے تحریری اجازت لینا ضروری ہوگا۔
- یہ بھی واضح رہے کہ تخصص فی الافتاء میں داخلہ کے بعد تین سالہ نصاب پورا کر نالازم ہوگا۔
- داخلہ کے خواہشمند طلبہ کے اعمال و اخلاق ، ان کی تہذیب و شائستگی اور وضع قطع کا ایک عالم دین کے مطابق ہونالازمی ہے۔
- امتحان داخلہ مندرجہ ذیل کتب و مضامین میں لیا جائے گا : مشکوۃ المصابیح ، ہدایہ کامل، نور الانوار، ( بحث کتاب و سنت )، سراجی ، شرح العقائد، اور ترجمہ قرآن۔
- تقریری امتحان میں عبارت نحوی و صرفی اعتبار سے درست پڑھنے کی صلاحیت کو خاص طور پر ملحوظ اور تحریری امتحان میں سلیقہ تحریر کو مد نظر رکھا جائے گا۔
- درجہ تخصص کے جو طلبہ مذکورہ بالا شرائط کے تحت اعلیٰ درجے میں کامیاب ہوں گے ان کو قیام و طعام اور دو ہزار چار سو بیس روپے ماہانہ وظیفے کے ساتھ داخلہ دیا جائے گا۔
درجہ تجويد للعلماء میں داخلہ
جامعہ دار العلوم کراچی میں تعلیمی سال ۴۶ – ۱۴۴۵ھ میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس کے طے کردہ نصاب "تجوید برائے علماء” میں جدید داخلے دیئے جائیں گے ۔
شرائط داخلہ
- ناظرہ قرآن کریم صحیح تلفظ اور روانی کے ساتھ پڑھنا آتا ہو ، حافظ قرآن کریم ہونا قابل ترجیح ہو گا۔
- کسی مستند دینی درسگاہ سے درس نظامی کی تکمیل کم از کم ۵۰ فیصد ، درجہ جید کے ساتھ کامیاب ہوا ہو۔
- درجہ ممتاز میں کامیابی اور وفاق المدارس کی سند کا حامل ہونا قابل ترجیح ہو گا ۔
وضاحت
- کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ ۲۰ شرکاء کو داخلہ دیا جائے گا ، امتحان داخلہ میں منتخب ہونے والے طلبہ کو قیام و طعام کی سہولت اور دو ہزار چار سو بیس روپے وظیفہ ( جس میں ناشتہ کا وظیفہ بھی شامل ہے ) بھی دیا جائے گا۔
- یومیہ درس جامعہ کے تعلیمی چھ گھنٹوں کے مطابق ہوگا جس میں حاضری کی پابندی ضروری ہوگی ، دوران سال ۵۰ گھنٹوں
کی غیر حاضری پر وظیفہ سوخت ہو جائے گا اور ۱۰۰ گھنٹے کی غیر حاضری پر سالانہ امتحان میں شرکت سے روکا جا سکتا ہے ۔ - امتحان داخلہ ان شاء اللہ بروز جمعرات ۱۶ رشوال ۱۴۴۵ ھ 25 اپریل 2024ء کو ہوگا ۔
التخصص في القراءات میں داخلہ
جامعہ دار العلوم کراچی میں درجہ تخصص فی القراءات کے سال اول کے لئے تعلیمی سال ۴۶۔ ۱۴۴۵ھ میں جدید داخلے دیئے جائیں گے
شرایط داخلہ
- کسی معروف دینی درسگاہ سے دورۂ حدیث میں ممتاز کامیابی کی سند کا حامل ہو۔
- جید حافظ اور تجوید بروایت حفص پڑھا ہوا ہو۔
- شاطبیہ و دره یعنی قراءات عشرہ سے فارغ ہو، اور رائیہ پڑھی ہو۔
وضاحت
- داخلہ کے لیے تحریری امتحان اور زبانی جائزہ لیا جائے گا، ان دونوں میں کامیابی کے بعد ہی داخلہ دیا جا سکے گا۔
- اس درجے میں زیادہ سے زیادہ ۲۰ طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا، زیادہ درخواستوں کی صورت میں امتحان داخلہ میں کامیابی کے نمبروں کو انتخاب کا معیار بنایا جائے گا۔
- درجہ تخصص في القراءات کے جو طلبہ مذکورہ بالا شرائط کے تحت اعلی درجے میں کامیاب ہوں گے ان کو قیام و طعام اور
مبلغ دو ہزار چار سو بیس روپے ماہانہ وظیفے ( جس میں ناشتہ کا وظیفہ بھی شامل ہے ) کے ساتھ داخلہ دیا جائے گا۔ - امتحان داخلہ بروز جمعرات ۱۶ شوال ۱۳۴۵ھ 25 اپریل 2024ء کو جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقد ہوگا۔
التخصص في الدعوة والارشاد میں داخلہ
جامعہ دارالعلوم کراچی میں درجہ التخصص في الدعوة والارشاد کے سال اول کیلئے تعلیمی سال ۱۴۴۵-۴۶ھ میں جدید داخلے کئے جائیں گے۔
اس تخصص کا مقصد یہ ہے کہ اچھی استعداد رکھنے والے فارغ التحصیل علماء کو معاصر ضرورتوں کے مطابق مؤثر دعوت و تبلیغ اور اصلاح وارشاد کے کام کیلئے تیار کیا جائے۔ چنانچہ اس شخص کیلئے دو سالہ جامع نصاب مقرر کیا گیا ہے جس میں ایک مؤثر داعی و مبلغ کیلئے مطلوب ضروری معلومات اور عملی تربیت شامل ہے، نیز اردو کے علاوہ عربی اور انگریزی زبان کی تعلیم اور ان تینوں زبانوں کی تحریر و تقریر کی مشق پر خصوصی توجہ دیجاتی ہے تا کہ اس تخصص سے فارغ ہونے والے حضرات بیرون ملک بھی حسب ضرورت عربی اور انگریزی زبانوں میں دعوت و اصلاح کا کام وہاں کی ضروریات کے مطابق بحسن و خوبی انجام دے سکیں۔
شرائط داخلہ
(۱) کسی معروف دینی درسگاہ سے دورۂ حدیث میں درجہ ممتاز یا کم از کم ۷۰ فیصد نمبر لے کر کامیابی کی سند کا حامل ہو۔
(۲) فقہ اور علم کلام سے اچھی مناسبت ہو ۔
(۳) تحریر صاف ستھری اور اردو، عربی اور انگریزی میں سے کسی ایک زبان میں اچھی تحریر لکھنے کی صلاحیت ہو ۔
(۴) تجوید کی اچھی استعداد ہو ۔
(۵) کم از کم میٹرک معیاری درجہ میں پاس کیا ہو یا اس کے مساوی استعداد کی انگریزی سے واقفیت ہو۔
وضاحت نمبر ۱: داخلہ کے لئے تحریری امتحان داخلہ اور زبانی جائزہ لیا جائے گا۔ ان دونوں میں کامیابی کے بعد ہی داخلہ دیا جا سکے گا۔
وضاحت نمبر ۲: اس درجے میں زیادہ سے زیادہ بیس (۲۰) طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔ امتحان داخلہ میں کامیابی کے نمبروں کو انتخاب کا معیار بنایا جائے گا۔
جامعہ کے طلبہ کے لئے تصویری موبائل فون کا استعمال بالکلیہ ممنوع ہے، نہ درسگاہ میں اس کی اجازت ہے اور نہ ہی دار الاقامہ میں، البتہ سادہ موبائل بغیر میموری کارڈ کے، غیر تعلیمی اوقات میں بوقت ضرورت استعمال کرنے کی اجازت ہے لیکن درسگاہوں میں سادہ موبائل لانا بھی ممنوع ہے۔ اسی طرح دیگر ایسی چیزیں جو طلبہ کے علمی مشاغل میں مخل ہوتی ہیں مثلاً ریڈیو، ٹیپ ریکارڈر ، وغیرہ ان پر بھی دارالطلبہ کی حدود میں پابندی عائد ہے۔ اس لئے آنے والے طلبہ یہ چیزیں ساتھ نہ لائیں۔
امتحان داخلہ ان شاء الله بروز جمعرات ۱۶ شوال ۵۱۴۴۵ (۲۵ اپریل ۲۰۲۴ء) کو جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقد ہوگا ۔ جو طلبہ مندرجہ بالا شرائط کے تحت اعلیٰ درجے میں کامیاب ہوں گے، ان کو قیام و طعام اور مبلغ دو ہزار چار سو بیس روپے ماہانہ وظیفے کے ساتھ داخلہ دیا جائے گا، درخواستیں سند کی فوٹو کاپی کے ساتھ ۱۵ شوال سے پہلے دار العلوم بنام ادارہ امور تعلیمات جامعہ دار العلوم کراچی ارسال کر دی جائیں ۔ اصل سند اپنے ہمراہ لانا ضروری ہے۔ نوٹ : تخصص فی الدعوة والارشاد میں داخلہ کے لئے بدھ ۱۵ شوال سے پہلے تشریف نہ لائیں اس سے قبل دار العلوم ان کے قیام و طعام کا ذمہ دار نہ ہوگا۔
وضاحت نمبر ۱
ان شاء الله تعالی دار العلوم گلشن اقبال کی درس نظامی شاخ کیلئے بھی جدید داخلہ مذکورہ بالا تاریخ سے شروع ہوگا۔
وضاحت نمبر ۲
پاکستانی شہریت نہ رکھنے والے شائقین داخلہ کے لئے پاکستانی تعلیمی ویزا (Study Visa) ہونا ضروری ہے، اس کے بغیر داخلہ کے لئے رجوع نہ فرمائیں۔
ضروری اطلاع
آن لائن داخلہ کارروائی سے متعلق مندرجہ بالا امور میں کوئی تحدید یا ترمیم کرنی پڑی تو اس کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔
عميد الدراسات جامعہ دار العلوم کراچی
امتحان کی تیاری کیلئے ماڈل پیپرز ڈاؤن لوڈ کرنے کا لنک
شعبہ دارالقرآن میں اس سال کے داخلے مکمل ہوچکے ہیں
3 Responses
زبردست قواعد و ضوابط پر دلی سکون ملا
داخلہ فارم
چیک کریں